DCR 8 پاکستان میںپوست کی کاشت کی اجازت دی جائے

Posted by Muhammad Musa Soomro Tuesday, September 8, 2009

پاکستان میںپوست کی کاشت کی اجازت دی جائے ،سرحدچیمبرآف کامرس

 

پشاور(اے پی پی)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد اسحق اورفارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کے چیئرمین انجینئر زاہد عارف نے کہاہے کہ جان بچانے والی ادویات تیار کرنے کیلئے اگر محدودپیمانے پرپوست کی کاشت کی اجازت دی جائے توپاکستان میں ادویہ سازی کی صنعت کوفروغ ملنے کے ساتھ ساتھ عوام کیلئے ادویات کی ارزاں نرخوں پرفراہمی ممکن ہوسکتی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اخباری نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ حکومت بین الاقوامی قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے متعلقہ حکومتی اداروں کی جانب سے ضبط کی گئی افیون کو جلانے کی بجائے فارماسوٹیکل کمپنیوں پر فروخت کرے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں ادویہ ساز ادارے زیادہ تر خام مال درآمد کر رہے ہیں جبکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی ذخائر سے مالا مال کر رکھا ہے لیکن کوئی پراسیسنگ اور ریفائننگ یونٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان قدرتی ذخائر سے استفادہ نہیں کیا جا رہا ۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا میں کئی ممالک پوست کی کنٹرولڈ کاشت کر رہے ہیں جن میں برطانیہٗ انڈیاٗ سپینٗ آسٹریلیاٗ ترکی اور فرانس شامل ہیں جبکہ انڈیا واحد ملک ہے جو خام افیون ایکسپورٹ کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں حال ہی میں ایک فارما سوٹیکل انڈسٹری کو پوست کی کاشت کیلئے گرین سگنل دیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر اقوام متحدہ کے مروجہ قوانین کے تحت پوست کی کاشت کی جائے اور قانونی طور پر افیون بیرون ممالک ایکسپورٹ کی جائے ۔ اس عمل سے جہاں ایک طرف پاکستان کو کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوگا وہاں جان بچانے والی ادویات کی تیاری کیلئے خام مال کی درآمد پر خرچ کئے جانے والے ملکی زرمبادلہ کی بچت بھی ہوگی۔

0 comments

Post a Comment

Followers

Video Post