نئے سیکرٹری داخلہ قمرالزماں کل اپنی ذمہ داریاں سنبھال لینگے،خالد مرزا بحال،کنوردلشاد اکڑ گئے،چارج چھوڑنے سے انکار



اسلام آباد (لیڈی رپورٹر +نیوز ایجینسیاں ) نئے سیکرٹری داخلہ میجر (ر) قمر الزمان چوہدری کل اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھا ل لیں گے۔ گزشتہ روز سید کمال شاہ نے سیکرٹری داخلہ کے عہدے کا چارج چھوڑ دیا ہے اور وزارت داخلہ کے سینئر افسران اور عملے سے الوداعی ملاقات کی ۔ قمر زمان چوہدری گزشتہ روز وزارت تجارت میں ایڈیشنل سیکرٹری کے دفتر میں موجود رہے اور سینئر بیورو کریٹس اور قریبی دوستوں نے ان سے ملاقات کر کے سیکرٹری داخلہ بننے پر مبارکباد دی‘ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے مسابقتی کمیشن کے چیئرمین خالد مرزا کو برطرف کرنے کے فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے سیکرٹری جنرل کنور دلشاد کو ہٹائے جانے کا تنازعہ طے نہیں ہو سکا ہے اور الیکشن کمیشن کے نئے سیکرٹری اشتیاق احمد خان اپنی ذمہ داریاں نہیں سنبھال سکے۔دریں اثناء سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے بھی اسٹبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ان کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کے احکامات تسلیم نہیں کئے اور گزشتہ روز بھی اپنے دفتر میں فرائض انجام دئیے ۔ اس سلسلے میں ان کا موقف ہے کہ یہ اختیار اسٹبلشمنٹ ڈویژن کو نہیںبلکہ انہیں ان کے عہدے سے صرف چیف الیکشن کمشنر الگ کر سکتے ہیں۔ کنور دلشاد نے گزشتہ روز چیف الیکشن کمشنر جسٹس حامد مرزا سے ملاقات کی جس کے بعد حامد مرزا نے پرائم منسٹر سیکرٹریٹ رابطہ کیا ۔ادھر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزارت سرمایہ کاری طارق اقبال پوری کو سیکرٹری کے عہدے پر پروموشن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کے گریڈ 21 کے آفیسر طارق اقبال پوری جو اس وقت سرمایہ کاری بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری کے طورپر فرائض سرانجام دے رہے تھے کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر سرمایہ کاری بورڈ کا سیکرٹری تعینات کردیا گیاہے جوفوری طور پر اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ دریں اثناء انوائرمنٹ ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری انچارج، ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ کے سینئر افسر اور سی ڈی اے کے سابق چیئرمین کامران لاشاری کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر سیکرٹری بنا دیا گیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس سلسلہ میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت سیاحت کے سیکرٹری علی عارف کی مدت ملازمت13 اکتوبر کو ختم ہو جائے گی اور ان کی جگہ ظفر عباسی کو گریڈ 22 میں ترقی دے کر سیکرٹری سیاحت بنائے جانے کا امکان ہے ‘تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سیاحت علی عارف نے مدت ملازمت میں توسیع مانگی تھی جو مسترد کر دی گئی ۔

0 comments

Post a Comment

Followers

Video Post