dcr 5-h 34ہزار ایجوکیٹر کی بھرتی میرٹ پر ہوگی

Posted by Muhammad Musa Soomro Saturday, September 5, 2009

34

ہزار ایجوکیٹر کی بھرتی میرٹ پر ہوگی،سیاستدان اور بیوروکریسی تعلیمی شعبے کی ابتری کے ذمہ دار ہیں،شہباز شریف



اتوار ستمبر 6, 2009

nullلاہور ( خبر نگار خصوصی) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ ناخواندگی اور جہالت کے خاتمے کے بغیر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعمیر نہیں ہوسکتا۔ گزشتہ 62برسوں کے دوران تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے بے شمار پالیسیاں مرتب کرنے کے باوجود بھی تعلیمی شعبہ انحطاط کا شکار ہے جس کی بڑی وجہ عزم اور جذبے کا فقدان ہے اور تعلیمی شعبے کی اس ابتری کے سیاستدان ونوکر شاہی دونوں ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور یہ اقدامات اسی وقت بارو آور ثابت ہوں گے جب ان پر حقیقی معنوں میں عملدر آمد کیا جائیگا۔ صوبہ بھر میں 34ہزار ایجوکیٹرز کی مکمل میرٹ پر بھرتی کے عمل کو آئندہ ہفتے مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایوان وزیر اعلیٰ میں قومی تعلیمی پالیسی کے حوالے سے سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم مجتبیٰ شجاع الرحمن، ممبر قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ، ممبر صوبائی اسمبلی زیب جعفر، چودھری ممتاز احمد، چیئرمین ٹاسک فورس راجہ محمد انور و دیگر نے شرکت کی۔ شہباز شریف نے سری لنکا، ایران اور بنگلہ دیش کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے اپنی مخلصانہ کاوشوں سے تعلیمی شعبے کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سکولوں کی اپ گریڈیشن کیلئے پانچ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ سکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر چار ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تیز رفتار ترقی کیلئے ووکیشنل ٹریننگ کا فروغ بھی بے حد اہمیت کا حامل ہے اور اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے ٹیوٹا کو مزید فعال و متحرک کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ شہباز شریف سے سکالر شپ پروگرام کے تحت چین میں چار سالہ لینگویج کورس کے لئے منتخب ہونے والے طلباء نے گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے طلباء کو لینگویج کورس کے لئے منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل چین سے وابستہ ہے اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے طلباء چینی زبان سیکھ کر پاکستان کی خدمت کریں۔ طلباء چینی زبان میں مہارت حاصل کرنے کے بعد پاکستان میں صنعت و تجارت اور دیگر شعبوں کی ترقی میں مددگار ثابت ہوں گے۔ طلباء چین میں پاکستان کی حقیقی نمائندگی کریں اور وقت ضائع کئے بغیر اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ چینی زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ وہ دوسرے علوم کے حصول پر بھی توجہ دیں اور حکومت پنجاب اس ضمن میں انہیں مالی امداد فراہم کرنے کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے سیکرٹری ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سکالر شپ پروگرام کے تحت چین جانے والے طلباء کے انتخاب کے لئے جامع حکمت عملی وضع کریں اور اس پروگرام کے بارے میں دلچسپی رکھنے والے طلباء کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب چائنہ بیورو ظفر محمود‘ ڈپٹی چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ پیر سعد احسان الدین اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن عارف چیمہ بھی موجود تھے۔

0 comments

Post a Comment

Followers

Video Post