کالج تشدد کیس،انجم عقیل کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے،نوازشریف کا نوٹس،واقعے کی رپورٹ طلب
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ) مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے اسلام آباد سے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان کی طرف سے مقامی کالج میں توڑ پھوڑ اور اساتذہ کو دھمکیاں دینے کے معاملہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کل مری میں نواز شریف کو اس معاملہ کی رپورٹ پیش کریں گے۔ نواز لیگ کے ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف نے انجم عقیل خان کے خلا ف مقدمہ کے اندراج اور پروفیسرز کو دھمکیاں دینے اور کالج میں توڑ پھوڑ کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا ہے اور اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کو ہدایت کی ہے کہ وہ انہیں پارٹی کی جانب سے تفصیلی رپورٹ پیش کریں نواز شریف نے کہا ہے کہ (ن) لیگ میرٹ ‘ گڈ گورننس اور اساتذہ کے احترام پر یقین رکھتی ہے اور انجم عقیل خان پارٹی کے منتخب رکن اسمبلی ا میں اس واقعہ کے حوالے سے رپورٹ ملنے کے بعد مزید کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ دریں اثناء اسلام آباد پولیس نے مقدمہ درج ہونے کے بعد انجم عقیل خان کی گرفتاری کی اجازت لینے کیلئے وزارت داخلہ کے ذریعے قومی اسمبلی کی سپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے رابطہ قائم کیا ہے لیکن پولیس ابھی تک سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات نہیں کر سکی ‘قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے مطابق کسی بھی فوجداری مقدمے میں رکن اسمبلی کی گرفتاری سے قبل سپیکر کی اجازت ضروری ہے۔ اسلام آباد پولیس نے انجم عقیل خان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دئیے ہیں لیکن کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ۔
0 comments